۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
جماعت اسلامی شعبہ خواتین کا مظاہرہ

حوزہ/ جماعت اسلامی کے مظاہرے میں میڈیا سے گفتگو میں خواتین رہنماوں کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 37 (جی) کے مطابق حکومت عصمت فروشی، قمار بازی، ضرررساں ادویات کے استعمال، فحش لٹریچر اور اشتہارات کی طباعت، نشر و اشاعت اور نمائش کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات کرے اور ملک میں حیا کا کلچر عام کیا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے خلاف جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام  لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے کی قیادت ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید، ربیعہ طارق صدر وسطی پنجاب، ڈاکٹر زبیدہ جبیں صدر لاہور، رہنما جماعت اسلامی ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی،  ڈائریکٹر فلاح خاندان عافیہ سرور و دیگر قائدین نے کی۔ احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنسی درندگی کرنے والے کو قرآن و سنت کے مطابق سزائیں دی جائیں، بچوں اور بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، جنسی درندگی کرنیوالوں کو بروقت نشان عبرت بنایا جائے تو زیادتی کے واقعات کا خاتمہ ممکن ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 37 (جی) کے مطابق حکومت عصمت فروشی، قمار بازی، ضرررساں ادویات کے استعمال، فحش لٹریچر اور اشتہارات کی طباعت، نشر و اشاعت اور نمائش کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات کرے اور ملک میں حیا کا کلچر عام کیا جائے۔ جنسی زیادتی کے گھناونے اور اندوہناک واقعات کی روک تھام کیلئے وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں کیساتھ روابط کے ذریعے پورے ملک میں ایسے اداروں، افراد کا سراغ لگایا جائے جو فحاشی اور برائی پھیلا رہے ہیں۔ ربیعہ طارق نے کہا کہ میڈیا پر ہیجان پھیلانے کے بجائے اسلامی اقدار کو فروغ دیا جائے۔

ناظمہ جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر زبیدہ جبیں نے کہا کہ بچوں، بچیوں اور خواتین کیساتھ زیادتی کے کیسز میں رہا شدہ مجرموں کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اور پورے ملک میں بچوں اور بچیوں کیساتھ زیادتی کے مجرموں سمیت موٹروے کے مجرموں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

رہنما جماعت اسلامی حلقہ خواتین ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ بچوں اور بچیوں اور خواتین کیساتھ زیادتی، ریپ اور قتل کے مجرموں کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے بِلاتاخیر سرِعام پھانسی دی جائے۔

ڈائریکٹر فلاح خاندان عافیہ سرور نے کہا کہ موٹروے واقعے کے مجرموں کو جلد کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو خواتین اپنے تحفظات اور انصاف کیلئے بھرپور آواز بلند کریں گی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .